کراچی (سٹاف رپورٹر)وفاقی اورصوبائی حکومت نے اتفاق کیا ہے کہ سیاسی اختلافات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے منصوبے مشترکہ طورپرمکمل کیے جائیں گے ،وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہرکے تین بڑے نالوں پر کام کررہے ہیں،اب تک کوئی مزاحمت سامنے نہیں آئی،وفاقی وزیراسد عمرنے کہا کہ ہمارے پاس سیاست کرنے کے بہت سے مواقع ہوتے ہیں لیکن ترقیاتی کام میں ملکرکام کرنا چاہیئے ،وفاقی وزیرآئی ٹی امین الحق نے اس عزم کا اظہارکیا کہ وزیراعظم کے کراچی کے پیکیج کے تحت ایک سو گیارہ ارب کے منصوبے اب بنیں گے ،مقتدرحلقے بھی ہمارے ساتھ ہیں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں کراچی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی میزبانی میں کراچی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے وفاقی وزراء اسد عمر،امین الحق،علی زیدی، ایم این اے نجیب ہارون،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹینینٹ جنرل اخترنوازستی،ایف ڈبلیو او اوردیگر اداروں کے نمائندگان سمیت صوبائی وزرا سعید غنی،ناصرشاہ،مشیرمرتضیٰ وہاب،چیئرمین پی اینڈ ڈی شریک ہوئے ،اجلاس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم متاثرین کوتنہا نہیں چھوڑیں گے ۔مردم شماری سے متعلق انکا کہنا تھا کہ اس پرتحفظات ہیں لیکن اسکا فورم مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) ہے دیگر صوبے بھی تحفظات رکھتے ہیں جسے اجلاس میں رکھیں گے ،وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا کہ کورونا ویکسین سے متعلق قوم سے کوئی جھوٹ نہیں بولا گیا اوررواں سال کی پہلی سہ ماہی مارچ تک ویکسین دستیاب ہوجائیگی۔