کراچی (وقاص باقر92نیوز) تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے سندھ کیلئے اعلان کردہ منصوبوں پرکام کاآغازنہیں کیا، وفاقی وزارت منصوبہ بندی وترقیات کی رپورٹ کے مطابق پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل سندھ کے منصوبوں کیلئے 6 ماہ کے دوران فنڈزجاری نہیں ہوسکے ،وفاقی حکومت نے پرائم منسٹرپروگرام کے تحت سندھ کے منصوبوں کیلئے 2900 ملین روپے مختص کیے تھے ،دیہی سندھ میں پی ٹی آئی اور اتحادی ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بھی تاحال وزیراعظم پروگرام کے تحت کسی منصوبے پرکام شروع نہیں ہوا،کراچی پیکج کے تحت وفاقی ترقیاتی بجٹ میں شامل 7 میگامنصوبوں کیلئے مختص 7 ارب کا فنڈزکا اجرا بھی نہیں ہوسکا،رپورٹ کے مطابق 27 دسمبر2019ء تک وفاقی حکومت نے کراچی میں گرین لائن میٹرو بی آرٹی منصوبے کیلئے 750 ملین روپے جاری نہیں کئے جبکہ گرین لائن میٹرو بس منصوبے کے بس آپریشنزاورآئی ٹی ایس سسٹم کیلئے وفاقی بجٹ میں مختص 4050 ملین روپے میں سے کوئی رقم جاری نہیں ہوئی۔