اسلام آباد(اظہر جتوئی)وفاقی حکومت نے ملک میں ابتک بنائی گئی تمام قومی پالیسیوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اس سلسلے میں تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ٹیرف پالیسی، ایجوکیشن پالیسی، نجکاری پالیسی،انٹرفیتھ پالیسی، انرجی پالیسی، تخفیف غربت پالیسی،نیشنل سکیورٹی پالیسی سمیت دیگر تمام پالیسیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں،دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ایک 6 نکاتی پرفارمہ جاری کیا ہے جس میں پالیسیوں کی تفصیلات،کب یہ پالیسی بنی ہے ،اور کس اتھارٹی نے اس پالیسی کو منظور کیا، اور اس پالیسی کا جائزہ کب لیا گیا۔دستاویزات کے مطابق وزارت موسمیاتی تبدیلی سے نیشنل پالیسی پلانٹس سٹریٹجی اور ڈیزایسٹر مینجمنٹ پروگرامز،انوائرمنٹ پروٹیکشن،فارسٹری سمیت دیگر پالیسیوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں،کامرس ڈویژن سے ٹیرف پالیسی اور اس پر عملدرآمد کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ڈیفنس ڈویژن سے نیشنل میری ٹائم پالیسی،فیڈرل ایجوکیشن اور پروفیشنل ٹریننگ ڈویژن سے تعلیمی پالیسی،خزانہ ڈویژن سے انویسٹمنٹ پالیسی، ڈی ریگولیشن پالیسی کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں،ہائوسنگ اور ورکس ڈویژن سے نیشنل ہائوسنگ پالیسی ،سرکاری افسران و ملازمین کی رہائش کے بارے میں پالیسی، انڈسٹری اور پروڈکشن ڈویژن سے انڈسٹریل پالیسی کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں،انفارمیشن اور پراڈکاسٹنگ ڈویژن سے حکومتی ایڈورٹائز منٹ کنٹرول آف ایڈورٹائزمنٹ ،انٹرنل پبلسٹی پالیسی، داخلہ ڈویژن سے غیر ملکیوں کی داخلہ اور ملک سے باہر جانے کی پالیسی،امیگریشن پالیسی،سنسرشپ پالیسی،سمیت دیگر پالیسیوں کی تفصیلات مانگی ہیں۔رینیو ڈویژن سے ریونیو پالیسی،اس کے علاوہ دیگر ڈویژنز سے نجکاری پالیسی،انٹرفیتھ پالیسی،انرجی پالیسی،تخفیف غربت پالیسی،نیشنل سکیورٹی پالیسی ،گلگت بلتستان کی ترقی کی پالیسی سمیت دیگر پالیسیوں کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت تمام پالیسیوں کا جائزہ لیکر ان کو مزید سود مند بنانے کیلئے نئی پالیسیاں لائیگی یا ان کو اپ ڈیٹ کرے گی تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق امور سرانجام دیئے جائیں۔