لاہور،اسلام آباد(نیوز رپورٹر، خبرنگار خصوصی، صباح نیوز) تاجروں کی ہڑتال اور ایپکا ملازمین کے احتجاج کے بعد وفاقی محکموں سے تعلق رکھنے والے انجینئرز آج اپنے مطالبات کے حق میں2گھنٹے کی قلم چھوڑ ہڑتال اور ملک گیراحتجاج کرینگے ۔ بتایا گیا ہے کہ واپڈا، ریلوے ، این ایچ اے ،نیسپاک،پٹاک سمیت بعض سرکاری اداروں کے ہزاروں افسر انجینئرز الائونس کے حصول کیلئے 2گھنٹے کی ہڑتال کرینگے اور اس حوالے سے مذکورہ محکموں کے افسروں نے ہدایات جاری کر دی ہیں جن کے تحت ملک بھر میں انجینئرز آج پریس کلبوں کے باہر احتجاج بھی کرینگے ۔ لاہور میں وفاقی محکموں کے انجینئرز مال روڈ سے ریلی کی صورت میں پریس کلب آئینگے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز حکومتی نمائندوں اور چیئرمین ایف بی آر کیساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پرپاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے کل ہونیوالے ہڑتال کی کال واپس لے لی ۔پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا نے مذاکرات میں وفد کی سربراہی کی۔عاصم رضانے بتایا کہ جہانگیر ترین اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے ملاقات میں آٹے ، فائن میدے اور چوکر پر عائد 17 فیصد جی ایس ٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔جہانگیر ترین اور چیئرمین ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ گندم کی کسی بھی مصنوعات پر جی ایس ٹی عائد نہیں کیا جائیگا جس پرفلور ملز کی ملک گیر ہڑتال کی کال واپس لے لی گئی ہے ۔علاوہ ازیں ٹیکس معاملات پر تعطل ختم کرنے کیلئے حکومت اور تاجروں کے درمیان برف پگھلنے لگی ہے جس کے بعد ایف بی آر نے لاہور، فیصل آباد اور کراچی کے تاجروں کو بھی مذاکرات کیلئے اسلام آباد بلا لیا ہے ۔پیٹرن انچیف آپٹما گوہر اعجاز کا کہنا ہے تاجروں کی ہڑتال سے صنعت کا پہیہ رک گیا، حکومت غیر یقینی صورتحال سے نکلنے کیلئے معاملات مذاکرات سے حل کرے ۔پاکستان ٹریڈرز الائنس کے صدر ناصر حمید خان کا بھی کہنا ہے کہ ایک دن کی ہڑتال سے ملکی معیشت کو 25 ارب روپے کا نقصان ہوا، حکومت مذاکرات سے معاملات طے کرنا چاہتی ہے لیکن چند تاجر رہنمائوں نے سیاسی مقاصد کیلئے ہڑتال کی کال دی۔