اسلام آباد(این این آئی،صباح نیوز) صدر مملکت عارف علوی سے انتخابی اصلاحاتی عمل کے حوالے سے وفاقی وزرا نے ملاقات کی اور انتخابی قوانین کو بہتر بنانے کے سلسلے میں مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کر نے والوں میں وفاقی وزرا سینیٹر شبلی فراز، فوادچودھری، شفقت محمود، سید امین الحق اور مشیرپارلیمانی امور بابر اعوان شامل تھے ۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں اصلاحاتی عمل آگے بڑھانے کیلئے سیاسی جماعتوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے مابین اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ موجودہ انتخابی قوانین میں بہتری لانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لینے کیلئے تیار ہوں، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر پاکستانی عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ملک میں شفاف انتخابی عمل اورانٹرنیٹ ووٹنگ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوووٹ کی سہولت دینے کیلئے سیاسی قیادت کو تعاون کے جذبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے ۔۔ انہوں نے کہا کہ سماجی اور معاشی ترقی کیلئے مواقع کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ، ملکی ترقی کیلئے ہنر مند افرادی قوت بہت ضروری ہے ہمیں اپنے نوجوانوں کو چوتھے صنعتی انقلاب کیلئے تیار کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 20 لاکھ معذور افراد کیلئے آسان قرضوں کی سہولت موجود ہے ، کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قوم خصوصاً نوجوانوں کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے ۔