کوئٹہ( نیوزایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے اور ماہ دسمبر عمران نیازی پر بھاری ہے ۔پارلیمنٹ میں اب کوئی بھی قانون سازی یا آئین میں ترمیم موجودہ وزیر اعظم کے خاتمہ اور ملک میں نئے انتخابات کے بعد ہی ممکن ہوسکے گی۔ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد سے انکی رہائشگاہ پر جماعتی امور پر مشاورت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن نئے انتخابات کے مطالبہ پر سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے ۔ اپوزیشن کے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد نے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے ۔اپوزیشن پارٹیوں کے سربراہوں کی باہمی مشاورت کا آغاز کیا جارہا ہے ۔اس حکومت کا پارلیمنٹ میں قوانین کی تدوین اور آئین میں ترمیم کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ ہفتہ رفتہ کے واقعات کے بحران سے اپوزیشن کے موقف کی تائید ہوگئی ، مرکزی کابینہ اور صوبہ پنجاب میں بار بار کی ’’رفوگری‘‘ سے حالات کو سنبھالا دینے والے اپنے آپ اور عوام کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں مگر اب عوام حکمرانوں کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں ۔ متحدہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں مشترکہ حکمت عملی اور آزادی مارچ کے مزید ثمرات کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرلے گی۔فضل الرحمٰن کوئٹہ کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد چلے گئے ،اس موقع پر کوئٹہ ایئر پورٹ پر مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری ،صوبائی امیرمولاناعبدالواسع،اپوزیشن لیڈرملک سکندربھی موجود تھے ۔