لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)صوبائی حکومت نے ون ڈش قانون کی خلاف ورزی کے رجحان میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔قانون کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس بھجوانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ۔جس میں متوقع طور پر کئے جانے والے نقد جرمانوں کے علاوہ پابند سلاسل کئے جانے والے شہریوں کی تفصیلات بھی شامل کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کو مختلف اداروں کی جانب سے مرتب کر کے پیش کی گئی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ون ڈش قانون کی پاسداری میں کمی واقع ہوتی جا رہی ہے ۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سب سے زیادہ ون ڈ ش قانون کی خلاف ورزی بڑے شہرو ں اور نواح میں موجود فارم ہاؤسز میں کی جا رہی ہے جبکہ شہروں کے پوش علاقوں میں واقع شادی گھروں میں بیشتر جو با اثر افراد سے وابستہ ہیں،ان میں بھی ون ڈش قانون کی پاسداری نہیں کی جا رہی ۔ با اثر افراد کی جانب سے سجائی گئی محافل بروقت ختم نہ کرنے اور شادی بیاہ کی تقاریب میں متعدد کھانوں کی فراہمی روٹین بنتی جا رہی ہے اور ون ڈش قانون کی خلاف ورزی سے شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس کی بنیادی وجہ ذمہ دار حکام اور اداروں کا فیلڈ میں فوکس نہ کرنا اور قانون پر عمل داری کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنا ہے ۔ذرائع کے مطابق مذکورہ رپورٹس کی تناظر میں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو از سر نو احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ ضلع اور تحصیل کی سطح پر ون ڈش قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر اس حوالے سے رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کی جائے ۔