لاہور،فیصل آباد (خصوصی رپورٹ،الیکشن سیل) الیکشن 2018 ء کے موقع پر ملک بھر میں ووٹرز نے پاک فوج کیساتھ بھرپوریکجہتی اور محبت کامظاہرہ کیا۔گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں ووٹ کاسٹ کرنے کے موقع پر ووٹرز نے پولنگ سٹیشنوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کو گلدستے پیش کئے ۔ پاک فوج سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے فوجیوں پر گلاب کے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔کئی مقامات پر مرد اور خواتین ووٹرز کی جانب سے پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے جبکہ بزرگ خواتین اور مرد فوج کے جوانوں کا ماتھا چومتے رہے ۔تمام پولنگ سٹیشنوں پر پاک آرمی کے جوان الرٹ رہے ۔کسی بھی پولنگ سٹیشن پر کوئی فوجی اہلکار بیٹھا نظر نہ آیا۔ فوج سے اظہاریکجہتی کرنیوالے ووٹرز کا کہنا تھا کہ ہمارے فوجی جوان سرحدوں پر تو ملکی دفاع کیلئے موجود ہی ہیں اس کیساتھ وہ دہشتگردی کیخلاف جنگ بھی لڑ اور اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔پاک فوج نے کسی بھی مشکل گھڑی میں قوم کو تنہا نہیں چھوڑا اور ہمیشہ سب سے پہلے عوام کی مدد کی۔ پر امن الیکشن کیلئے بھی ملک بھر میں فوجی جوان فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔