لاہور(وقائع نگار) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سانحہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا کی غنڈہ گردی کے پیچھے امن دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن طاقتوں نے اس بہیمانہ واقعے کو سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسی صورتحال میں تبدیل کرنے کی پوری کوشش کی لیکن بزدار حکومت نے بروقت حکمت عملی سے صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچا لیا۔ فیاض الحسن چوہان نے سوشل میڈیا اور دیگر چینلز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی نشاندہی سے حکومت ان شر عناصر کو بے نقاب کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جن کا بیگم صفدر اعوان اور حمزہ شہباز سے قریبی تعلق ہے ۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر اور حکومت کے نمائندے کے طور پر دونوں مشتعل فریقین میں تصفیہ کرانے موقع پر پہنچے ۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آئندہ کسی گروہ کو صوبے کا امن و امان خراب کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔