لاہور(وقائع نگار،خبر نگارخصوصی)گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ وکلاء اور ڈاکٹر ز میں لڑائی دونوں اداروں اور ملک کیلئے نقصان ثابت ہوئی ۔ڈاکٹر ز اور وکلاء دونوں معززپیشے اور ان میں لڑائی بنتی ہی نہیں۔ پی آئی سی واقعہ سے دنیا میں بھی پاکستان کا امیج متاثرہوا مگر اس واقعہ میں ملوث لوگوں کا تعلق چاہے کسی بھی خاندان یا کسی سیاسی جماعت سے ہوکسی کو معافی نہیں ملے گی۔ سٹا ر مارکیٹنگ کے زیر اہتمام ایکسپو سنٹر جوہر ٹاؤن میں پراپرٹی ایکسپوکے افتتاح کے بعد میڈیا اور ایوان اقبال میں الخدمت فاؤنڈیشنکے زیر اہتمام خیر کثیر یوتھ کانفر نس اور بلوچستان سے آنیوالے 60رکنی طلباء کے وفد سے گفتگو کر تے ہوئے گور نر نے ایکسپو سنٹر میں کہا کہ پاکستان آج سر مایہ کاری کیلئے ایک محفوظ ملک بن چکا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ پراپرٹی ایکسپو میں دبئی اور تر کی سمیت دیگر ممالک سے بھی کمپنیاں شریک ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا پاکستان میں سر مایہ کاروں کو دی جانیوالی سہولتوں پر اعتماد کااظہار کر رہی ہے ۔بعدازاں خیر کثیر یوتھ کانفر نس سے خطاب کے دوران گورنر نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل اور ہماری امید ہیں کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کا اندازہ وہاں بسنے والی آبادی میں نوجوانوں کے تناسب سے لگایا جاتاہے اور آج پاکستان دنیا میں نوجوانوں کی پانچویں بڑی تعدادکا حامل ملک ہے ۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے پراپرٹی ایکسپو کے کامیاب انعقاد پہ سٹار مارکیٹنگ کے چیئرمین واثق نعیم کی کاوشو ں کی تعریف کی اور انہیں اس کامیاب ایکسپو کے انعقا دپرمبارکباد دی۔گورنر نے شرکا میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔