چارسدہ، پشاور ( نمائندہ92نیوز،خبر نویس ،خبر نگار) پی ٹی ایم نے ملک دشمنی میں آخری حد بھی پار کردی اور تنظیم کی بھارت نوازی کھل کر سامنے آگئی، گزشتہ روزچارسدہ جلسے میں قومی پر چم تھامے ’’ پاکستان زندہ باد‘‘ کا نعر ہ لگا تے نوجوان پر کارکنوں نے تشددکیا اور پرچم پھاڑ دیا ۔ پولیس نے ملزما ن کو گرفتار کر لیاہے ۔تھانہ پڑانگ پولیس کے مطابق ملزمان کے نام خان زمان اورنظام الدین ہیں جن کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔اقدم کیخلاف شہریوں نے شدید غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے چارسدہ میںپاک فوج کے حق اور پی ٹی ایم کیخلاف مظاہرہ کیا۔پولیس کے مطابق محلہ سہ پائو چارسدہ کے رہائشی نوجوان نثار محمد ولد یار محمد نے شکایت درج کرائی کہ وہ قومی پرچم اٹھائے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہا تھا کہ پی ٹی ایم کے کارکنوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پرچم چھین کر پرچم پھاڑ دیا ۔ دوسری جانب پرچم کی بے حرمتی پر فاروق اعظم چوک چارسدہ میں پاک فوج کے حق اور پی ٹی ایم کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ۔ شرکا ء پاک فوج زندہ باد پاکستان زندہ بادکے نعرے لگاتے رہے ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آیاز ترنگزئی نے کہاکہ پی ٹی ایم بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور بیرونی ملک دشمن ایجنسیوں کیلئے کام کررہی ہے ، عوام ایسے عناصر کو مسترد کرتے ہیں، ملک وقوم کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کر ینگے ۔ پشاور،اسلام آباد ،لاہور( خبر نویس ،خبر نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،خبر نگار خصوصی،نمائندہ خصوصی) سابق وزیر داخلہ اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ رحمن ملک نے چارسد ہ میںپی ٹی ایم کے جلسہ میں قومی پرچم کی بے حرمتی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اقدام سے پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی ۔رحمن ملک نے آئی جی خیبر پختونخوا سے 3دن میں رپورٹ طلب کرلی۔ادھرصوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے 92نیوز سے گفتگو میں واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ قومی پرچم کی بے حرمتی کسی طور قابل معافی نہیں یہ پختونوں کیخلاف سازش اورسنگین جرم ہے ، ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دینی چاہیے ۔ ممبر صوبائی اسمبلی فضل ا لٰہی کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم غیر ملکی ایجنسیوں کی آلہ کار ہے لیکن ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے د ینگے ۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ کچھ لوگ منصوبے کے تحت ملکی اداروں کیخلاف مہم چلا رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اب کوئی شک نہیں کہ پی ٹی ایم کس کے ایجنڈے پرقومیت پرستی،تفریق، نفرت اور انتشار پھیلارہی ہے ۔ معروف تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا کہ پی ٹی ایم کے ایکٹو ہونے اور پرچم نذر آتش کرنے کے پیچھے بھارت اور این ڈی ایس ہیں کیونکہ ان کو امریکہ افغان طالبان امن معاہدہ کسی صورت قبول نہیں۔ چونکہ پاکستان نے افغان امن معاہدہ میں اہم رول ادا کیا ، یہ رول پاکستان دشمن قوتوں کو قبول نہیں ان کی فنڈنگ پر پی ٹی ایم جیسی جماعتیں متحرک ہو گئی ہیں ۔ معروف تجزیہ کار زیڈ آئی فرخ نے کہا کہ افغان امن معاہدہ کا بدلہ پاکستان سے لینے کیلئے پی ٹی ایم کو متحرک کیا گیا کیونکہ بھارت دنیا کو بتانا چاہتا ہے کہ پاکستان میں کس طرح سے علیحدگی پسند متحرک ہیں وہ یہ سب کر کے اپنی علیحدگی کی تحریکوں اور جو کچھ وہاں مسلمانوں کے ساتھ ہو رہا ہے اس سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے ۔