اسلام آباد ،لاہور (وقائع نگار خصوصی ،نمانئدہ خصوصی سے ،این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز کی تیسری منزل پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے فلیٹ میں آتشزدگی کاواقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق آگ مریم اورنگزیب کو الاٹ شدہ فلیٹ نمبر 302 میں لگی ۔آگ لگنے کے بعد پارلیمنٹ لاجز میں دھواں پھیل گیا اور لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں فائر بریگیڈ کا عملہ ہنچا اور امدادی کارروائی کی۔ ملازم کے مطابق آگ گیلری میں لگے گیزر سے لگی۔ دریں اثنا مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کو ٹیلیفون کر کے انکے گھر میں آگ لگنے کے واقعہ پر اظہار تشویش کیا ۔شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالی کا شکر ہے کہ واقعہ میں جانیں محفوظ رہیں ۔ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں ،آگ لگنے کی اصل وجوہات کا پتہ لگانا ضروری ہے ۔