کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ منگل،بدھ تک آٹے کے بحران پر قابو پالیا جائے گا۔ پاسکو نے 3 لاکھ ٹن گندم سندھ کیلئے مختص کی ہے ۔ یہ گندم پنجاب اور بلوچستان سے لائی جا رہی ہے ۔ٹرانسپوٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے گندم کی نقل وحمل میں تاخیر ہوئی ہے ۔70 ہزار گندم کی بوریاں اتوارکوکراچی پہنچ گئی ہیں۔ آج پیر تک 50 ہزار بوریاں مزید پہنچیں گی اورصورتحال نارمل ہونا شروع ہوجائے گی۔اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ مراد علی شان نے کہا کہ سندھ حکومت نے این ایل سی سے کنٹریکٹ کیا ہے ۔این ایل سی نے سندھ حکومت کی درخواست پر 200 گاڑیاں پنجاب اور بلوچستان سے گندم لانے کے لیے مقررکی ہیں۔اب یہ گندم کراچی اور حیدرآباد میں فلورملز کو دی جا رہی ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے بیورو آف سپلائز اینڈ پرائس کنٹرول کو اور ڈپٹی کمشنرز کو آٹے کی قیمت کے حوالے سے ضابطہ کار لانے کی ہدایت کی ہے اور سیکریٹری خوراک کو خود گندم مختص کرنے اور نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔