اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے ۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں سی پیک کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں مشاہدحسین سیدنے کہا کہ پاکستان میں چین سے متعلق قومی سوچ ایک ہے ، چین کے ساتھ ہماری قربت اور محبت پوری دنیا میں بے مثال ہے ، چین نے گزشتہ40سال میں کوئی جنگ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پاکستان اپنے جغرافیہ کی وجہ سے پوری دنیا کا مرکز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کو افغانستان تک بڑھایا جائے گا۔چینی سفیریائوجنگ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو چین کا مضبوط اور قابل اعتماد دوست ہے ، چین پاکستان کی مدد سے سلامتی کونسل کا رکن بنا۔ دونوں ممالک کو چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو مضبوط بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کی وطن ، کشمیر اور چین سے محبت مثالی ہے ۔ چین اور پاکستان علاقائی اور عالمی تعلقات پر اکٹھے کھڑے ہیں۔