کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان اورچینی بحریہ کی دوطرفہ مشق سی گارڈینز2020ء کی شانداراختتامی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی ، جس میں چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹرکمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ژن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،کمانڈرپاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشق اور تعاون کیلئے چینی جنوبی تھیٹرکمانڈ کاشکریہ ادا کیا،کمانڈرپاکستان فلیٹ نے مشق سی گارڈینز2020ء کے پیشہ ورانہ انعقاد پراطمینان کا اظہارکیا جوکہ دونوں بحری افواج کیلئے فائدہ مند رہی،انہوں نے کہا کہ مشق کے انعقاد سے دونوں بحریہ کے مابین دوطرفہ پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے میں مدد ملے گی جس سے خطے میں محفوظ میری ٹائم ماحول کے قیام میں معاونت حاصل ہوگی،قبل ازیں چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹرکمانڈ کے ڈپٹی کمانڈروائس ایڈمرل ڈانگ ژن نے بحری مشق سی گارڈینزکے دوران پیپلزلیبریشن آرمی کے بحری جہازوں اورعملے کی بہترین مہمان نوازی پر پاکستان بحریہ کاشکریہ ادا کیا اورامید ظاہرکی کہ اس مشق سے دونوں ممالک کے مابین قائم دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی،9 روز جاری رہنے والی مشق کے دوران پاکستان اورچینی بحریہ کی جنوبی تھیٹرکمانڈ کے جہازوں پرمشتمل بیڑے اورمیرین فورسزنے بحیرہ عرب میں مختلف بحری سرگرمیوں کا کامیاب مظاہرہ کیا،مشق کا مقصد عصرحاضرکے روایتی اور غیرروایتی خطرات سے پیشہ ورانہ طریقوں سے نمٹنے اورباہمی تعاون کا فروغ تھا۔