اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چین کے سال نو کے موقع پر چینی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر نئے سال کے ساتھ پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔اپنے ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا روشن مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا جس کے تحت خصوصی صنعتی زون قائم کئے جائیں گے ، یہ زون برآمدی شعبہ کی تقویت، پائیدار معاشی ترقی کے حصول اور مقامی صنعت کے فروغ کا باعث بنیں گے ۔ معاون خصوصی نے کہا چین نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا چین نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک انداز میں پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کی ہے اور چین اور پاکستان کی دوستی دونوں ممالک کے عوام میں محبت اور بھائی چارے کی عظیم مثال ہے ۔