اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،نیٹ نیوز )مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان بھی اپنے گھر کو درست کرے ۔ یہ اجازت کسی کو نہیں ہونی چاہیئے کہ وہ دوسروں کیخلاف پاکستانی سرزمین استعمال کرے ۔اتوار کواپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی اپنے گھر کو ان آرڈر کرے ۔ نومبر میں 5ایرانی فوجیوں کی رہائی کے بعد جنہیں دہشتگرد گروپوں نے اغوا کیا اور پاکستانی سرزمین پر رکھا،خاص کر ایران کی حالیہ شکایت کے تناظر میں یہ اجازت کسی کو نہیں ہونی چاہیئے کہ وہ کسی دوسرے ملک کیخلاف پاک سرزمین استعمال کرے ۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مشاہد حسین کے ٹویٹ پر ردعمل میں خواہش ظاہر کی کہ ہندوستان ایسے لوگوں کو امیگریشن کی پیشکش کرے ۔انہوں نے جوابی ٹویٹ میں کہا کہ کچھ لوگوں کو بھارت امیگریشن آفر نہیں کر رہا ورنہ ہماری جان چھوٹ جائے ، کتنا ہاؤس ان آرڈر کریں؟ نہ آپ نے وزیر خارجہ بننا ہے نہ آپ کی اقدامات سے تسلی ہونی ہے ۔ براہ مہربانی آپ سینٹ کے خرچے پر دوروں سے احتراز کریں ۔تعجب ہے آپ کو کشمیر پر نمائندگی کا کہا گیا، آپ کی خدمت کا شکریہ!