اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے پڑوس میں امن و استحکام ضرور چاہتاہے لیکن وہ کشمیر سمیت کسی قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ گزشتہ روزیہاں اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان کسی کے ساتھ جنگ و جدل نہیں چاہتا لیکن ہم اپنے قومی مفادات کو کسی صورت پس پشت نہیں ڈال سکتے اور ان قومی مفادات میں جموں و کشمیر کا تنازع سر فہرست ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہم پاکستان کو دنیا کا ایک طاقتور ملک اور عظیم مملکت میں ڈھالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی طور پر ترقی یافتہ اور سماجی طور پر مستحکم پاکستان قومی مفادات کا تحفظ اور کشمیریوں کیلئے ایک بہترین وکیل کا کردار زیادہ بہتر انداز میں ادا کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عوام کو ملک کی خوشحالی کے عمل میں شریک کر کے اور انہیں ملک کی ترقی کے ثمرات سے مستفید کر کے ہی پاکستان کو مستحکم اور طاقتور بنا سکتے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔