کراچی(کامرس رپورٹر)کاٹن یو ایس اے کے ڈائریکٹر سپلائی چین جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا ولیم بیٹن ڈروف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں کمی کے باعث امریکا سے کپاس کی در آمدات میں اضافہ ہورہا ہے ،وہ ایف پی سی سی آئی میں کاٹن ڈے کے حوالے سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کررہے تھے ،پروگرام کا اہتمام ٹیکس ٹاک انٹر نیشنل کی جانب سے ایف پی سی سی آئی ،کاٹن یو ایس اے ،ایس پی جی پرنٹرز کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان،سینئر نائب صدر مرزا اختیار بیگ،یوسف فرید ،کاٹن کونسل انٹرنیشنل امریکا کے مظہر مرزااور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا ۔ولیم بیٹن ڈروف کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان امریکی کپاس کا پانچواں بڑا خریدار ہے ،پاکستان دنیا میں کپاس کی پیداوار میں چوتھے جبکہ استعمال میں تیسرے نمبر پر ہے ،انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں کمی پر تشویش ہے ۔