لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مودی اور بھارتی آرمی چیف کو خبر دار کیاہے پاکستان اب 65 ئیا 1971 ئوالا پاکستان نہیں رہا ۔اگر کوئی غلطی کی تو تباہی و بربادی ان کا مقدر ہوگی ۔ پاکستان کا بچہ بچہ بھارت کے خلاف چلتا پھرتا ایٹم بم ہے ۔ ہم سلطان محمود غزنوی ، احمد شاہ ابدالی اور صلاح الدین ایوبی کی تاریخ دہرانے کے لیے تیار ہیں ۔بھارتی فوج نے لاکھوں کشمیریوں کا قتل عام کیاہے اور ظلم و جبر اور ریاستی دہشتگردی کی تمام حدیں پھلانگ لی ہیں ۔ عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور اقوا م متحدہ اپنی قرار داوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے ۔ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے نقش قدم پر چل رہی ہے ۔ جھنگ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا مودی اور بھارتی قیادت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کو سامنے رکھے ۔ بھارت کا سرپرست امریکہ افغان طالبان سے امن کی بھیک مانگ رہاہے ۔ بھارت صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے ستر سال میں بھارت سے دوستی کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اب پاکستانی حکمرانوں کو بھی بھارت سے اسی کی زبان میں بات کرناہوگی ۔سراج الحق نے کہا عہد توڑنے اور یوٹرن لینے والا مسلمانوں کا حکمران نہیں ہوسکتا ۔ غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔ ملکی مسائل اور عوام کی پریشانیوں کا ایک ہی حل ہے کہ ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام رائج ہو۔