اسلام آباد، راولپنڈی(سپیشل رپورٹر، وقائع نگار ، 92 نیوزرپورٹ)پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔سنگل سٹیج سالڈ فیول راکٹ موٹر کا حامل زمین سے زمین تک مار کرنے والا غزنوی میزائل 320 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے ۔ کامیاب تربیتی لانچ کا مقصد ہتھیاروں کے نظام کے تکنیکی پیرامیٹرز کی دوبارہ توثیق کرنے کے علاوہ آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کمانڈر آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی ، سٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سینئر افسران ، آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ ، سٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔ کمانڈر آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ نے تربیت کے بہترین معیار ، ہتھیاروں کے نظام کو سنبھالنے اور فیلڈ میں لانچ مشن کو کامیابی سے سر انجام دینے کو سراہا۔دریں اثنا صدر مملکت ، وزیر اعظم ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ ، سائنسدانوں اور انجینئرز کو میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی ہے ۔