راولپنڈی(رپورٹر92نیوز، نامہ نگار)پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال،24سال بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پنڈی میں بینو قادر ٹرافی کیلئے جنگ شروع ہو گئی۔پنڈی ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستانی بیٹرز کے نام رہا، جہاں اوپنر امام الحق اور اظہر علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر245رنز بنا لئے ہیں۔پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو امام الحق 132اور اظہر علی 64رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔پہلے دن آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ سپنر ناتھن لیوئن نے حاصل کی۔میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا۔ عبداللہ شفیق 44رنز بنا کر ناتھن لیوئن کی گیند پر پیٹ کمنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔جس کے بعد اظہر بیٹنگ کیلئے آئے ۔ امام الحق نے 200گیندوں پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی۔پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان کا سکور ایک وکٹ کے نقصان پر 245رنز ہو گیا جبکہ امام الحق 132اور اظہر علی 64رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔