اسلام آباد( آن لائن )صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم انکی حقیقی صلاحت سے ہم آہنگ نہیں ،اسے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ، پاکستان جی ایس پی پلس سکیم کو اپنی معیشت کی بہتری اور اقتصادی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے تعمیری رابطہ تصور کرتا ہے ۔انہوں نے یہ بات یورپی یونین کے سبکدوش ہونے والے سفیر جین فرینکوئس سے گفتگومیں کہی جنہوں نے صدر سے الوداعی ملاقات کی۔ صدرمملکت نے سفیر کو پاکستان میں مدت کی کامیاب تکمیل پرمبارکباد دیتے ہوئے پاکستان، یورپی یونین کے درمیان تعلقات کے فروغ کیلئے انکی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کیساتھ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو تمام شعبوں میں مثبت سمت میں گامزن ہے ۔ڈاکٹر عارف علوی نے دیہی ترقی، قدرتی وسائل کے انتظام ، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے یورپی یونین کی معاونت کی بھی تعریف کی۔ سفیر نے پاکستان میں خوشگوار قیام پرحکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیااور دہشت گردی کے انسداد کیلئے پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔