اسلام آباد، بیجنگ(92نیوز رپورٹ، این این آئی )پاکستان نے امریکہ کی جمہوریت پر کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کانفرنس میں شرکت کیلئے مدعو کرنے پر شکر گزار ہیں۔جمہوریت کے موضوع پر سربراہی کانفرنس 9،10دسمبر کو ہورہی ہے ، پاکستان ایک بڑی فعال جمہوریت ہے ۔پاکستان میں ا ٓزادعدلیہ، متحرک سول سوسائٹی اور آزاد میڈیا ہے ۔ہم جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔پاکستان نے اہداف کو آگے بڑھانے کیلئے اصلاحات کا آغاز کیا ہے ۔ امریکہ کیساتھ شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔شراکت دو طرفہ اور علاقائی و عالمی تعاون کے لحاظ سے بڑھانا چاہتے ہیں۔ہم متعدد مسائل پر امریکہ کیساتھ رابطے میں رہتے ہیں،مستقبل میں مناسب وقت پر موضوع پر مشغول ہوسکتے ہیں۔ادھر چین نے کہاہے نام نہاد ’’جمہوریت سمٹ ‘‘ تاریخ میں صرف تخریب کاری کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ترجمان چینی وزارت خارجہ وانگ وین بین نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ نام نہاد "جمہوریت سمٹ " تاریخ میں صرف ایک جمہوری جوڑ توڑ اور تخریب کاری کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق ہنگری نے حال ہی میں " جمہوریت سمٹ" کے حوالے سے مشترکہ پوزیشن پر یورپی یونین کی دستاویز کو ویٹو کر دیا۔روس ، کیوبا کی سرکاری شخصیات ، کینیا اور روانڈا سمیت افریقی ممالک کے سکالرز اور میڈیا اداروں نے امریکہ کے زیر اہتمام نام نہاد’’جمہوریت سمٹ‘‘ کے حوالے سے بھر پور مخالفت کا اظہارکیا۔وانگ وین بین نے کہا ہنگری کا عمل ایک بار پھر ظاہر کرتا ہے امریکہ جمہوریت کے جھنڈے تلے صف آرائی اور تصادم کو ہوا دینے کی جو کوشش کر رہا ، وہ غیر مقبول ہے اور عالمی برادری کی طرف سے اس کی عمومی مخالفت کا سامنا ہے ۔