لاہور،اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی،خبرنگار) پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے حکومت سے عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت قاضی فائز عیسی کیخلاف دائر ریفرنس فوری واپس لے ۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر قانون نے عدلیہ کو تقسیم کرنے کے لیے بدنیتی پر مبنی ریفرنس تیار کیا۔ریفرنس کے عوامل اور محرکات مکمل طور پر قوم کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں اور عدلیہ کو تقسیم کرنے میں ناکامی پر وزیر قانون وکلا برادری کو تقسیم کرنے پر عمل پیرا ہیں۔ سابق اٹارنی جنرل کا استعفی اور نئے اٹارنی جنرل کا پیروی سے انکار سازش بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے ۔