مکرمی ! دنیا میں سب سے زیادہ خیرات کرنیوالی قوموں میں پاکستانیوں کا نام سرفہرست ہے پھر آخر وجہ کیا ہے کہ پاکستانیوں کی اکثریت ٹیکس دینے سے کتراتی ہے اسکی وجوہات کو ڈھونڈنا ہوگا سب سے پہلے ٹیکس وصول کرنے کے طریقہ کار کو شفاف بنانا ہوگا اور اس ادارے کے عملے کی اخلاقی تربیت کے ساتھ عوام کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آنے پر زور دینا ہوگا ٹیکس ادا کرنے کے طریقے کو آسان سے آسان تر بنانا ہوگا اس کے ساتھ ہی حکومت وقت کی زمہ داری ہے کہ اس ٹیکس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم کے ثمرات عام عوام تک پہنچانے میں حائل درپیش رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اپنا کردار جنگی بنیادوں پر اداکرے -عوام کے ٹیکس کے نتیجے میں جن اداروں کو عوام کی بلا تفریق خدمت کرنے کے لیے بنایا گیا ہے ان اداروں کے ملازمین کا بادشاہوں والا رویہ ختم کرکے عوام کا خادم بنائے۔ عوام یقیناًحکومت کا مطلوبہ ٹیکس بھی دینگے اگر عوام کو اس بات کا یقین دلایا جائے کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ کرپشن کی نظر نہیں ہوگا ان کے ٹیکس کے پیسوں پر حکمران مال مفت سمجھ کر عیاشی نہیں کرینگے اوران کے ٹیکس اداکرنے کی صورت میں ان کو معزز شہری سمجھا جائے گا اور پیسہ عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی میں خرچ ہوگا ۔ (محمد شاہد، کراچی)