کراچی،اسلام آباد، لاہور( سٹاف رپورٹر ،خبرنگارخصوصی،نمائندہ خصوصی سے ) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ علامہ شاہ احمد نورانیؒ کی بیوہ، علامہ شاہ انس نورانی اور شاہ اویس نورانی کی والدہ، علامہ فضل الرحمن مدنی کی بیٹی کو علامہ شاہ احمد نورانی کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا۔ قبل ازیں نماز جنازہ ان کے صاحبزادے شاہ اویس نورانی کی امامت میں درگاہ حضرت عبداﷲ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں ادا کی گئی جبکہ دعا مفتی منیب الرحمن نے کرائی۔ نماز جنازہ میں مفتی منیب الرحمن، مفتی جان محمد نعیمی، میاں عبدالخالق بھرچونڈی شریف، سراج الحق، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، محمد حسین محنتی، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، علامہ سید علی شاہ ہمدانی، مفتی عبدالعلیم قادری، ثروت اعجاز قادری، علامہ مظفر حسین شاہ، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، نہال ہاشمی، مفتی اسماعیل نورانی، ہاشم صدیقی ایڈووکیٹ، پیر میاں عبدالباقی، پروفیسر محمد احمد صدیقی، علامہ رضوان نقشبندی، علامہ نسیم احمد صدیقی، مفتی اسماعیل نورانی، وقار مہدی، راشد ربانی، دعوت اسلامی کے یعقوب عطاری کی سربراہی میں 5 رکنی وفد ،جے یو پی کے کارکنوں سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بیرون ملک براہ راست فلائٹ نہ ملنے کے سبب مرحومہ کے بڑے صاحبزادے علامہ شاہ انس نورانی جنازے میں شرکت نہ کرسکے ۔ مرحومہ کی وفات پر وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ شاہ اویس نورانی سے تعزیت کا اظہار کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، سینیٹر ساجد میر، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، مرکزی جماعت اہل سنت کے امیر پیر میاں عبدالخالق ، جماعت اہل سنت کے سابق مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ، سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی ، مفتی جان محمد نعیمی، تنظیم المدارس اہل سنت کے ناظم اعلی صاحبزادہ عبدالمصطفے ہزاروی، پیر خالد سلطان قادری ، پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی، پیر سید محفوظ مشہدی اور دوسرے رہنما شامل ہیں۔