اسلام آباد( آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا ہے انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے ہمیں پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا، ہم سب کو اپناکردار ادا کرنا ہو گا ،ججز بے خوف ہو کر آئین اور قانون کے مطابق فیصلے دیں، ہم نے پاکستان کی تاریخ میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کیا ہے ،فوجداری نظام عدل کے فعال نہ ہونے سے معاشرے کو نقصان ہو گا،عام آدمی کو انصاف سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں،بحیثیت ججز ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو بھر پور طریقہ سے سر انجام دینا ہو گا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اور سیشن ججز اسلام آباد میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ کرمنل جسٹس سسٹم میں بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ،کرمنل جسٹس سسٹم کو فعال بنانے میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، آئین پاکستان 1973 میں بنا،آئین کے مطابق فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے ،کیا یہ حق انہیں فراہم کیا جا رہا ہے ؟ماڈل کورٹس کا قیام فوری اور سستے انصاف کی جانب ایک قدم ہے ۔