لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی حکومت نے پناہ گاہوں کا نظام مزید بہتر اور منظم بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی جو اپنی سفارشات 7یوم میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر بنائی گئی کمیٹی کا سربراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن اینڈ انفراسٹرکچر پنجاب کو بنایا گیا ہے جبکہ کمیٹی میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ بطور ممبر شامل کئے گئے ہیں۔کمیٹی پناہ گاہوں میں مؤثر مانیٹرنگ،نگرانی اوربہترین خدمات فراہم کرنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے نیا سسٹم تشکیل دینے ،پناہ گاہوں کے لئے مالی و انتظامی خود مختاری کا ماڈل بنانے کے ساتھ ساتھ پناہ گاہوں کے موجودہ انتظامات اور طریقہ ہائے کار کا ازسرنو جائزہ لیکر سفارشات مرتب کرے گی۔