لاہور( خبرنگارخصوصی)پنجاب اسمبلی اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف اپوزیشن ارکان نے نشستوں پر کھڑے ہو کر شیم شیم ،گو نیازی گو نیازی کے نعرے لگائے ،ایوان میں فلیکسز اور بینر ز لٹکانے کے علاوہ ویڈیو بھی بناتے رہے جس پر وزیرقانون نے کارروائی کامطالبہ کردیا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 25منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں گذشتہ روز ضمنی بجٹ2019-20ء پر بحث کا آغاز پیپلز پارٹی کے سید حسن مرتضیٰ کی تقریر سے کیا گیا ۔ سید حسن مرتضیٰ نے کراچی دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت اورسکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں کہا کہ پوری دنیا میں پٹرول رل گیا جبکہ پاکستان میں عوام رل گئی ہیں۔ پیٹرول مافیا کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔ اپنی تقریر کی ددوران سید حسن مرتضیٰ نے ضمنی بجٹ کے حوالے ڈیمانڈ کا ذکر کیا ، جس میں محکمانہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جسے ڈپٹی سپیکر نے سپیشل کمیٹی نمبر6کے سپر دیا اور دو ماہ میں رپورٹ طلب کی۔انہوں نے کہا کہ تخت لاہور کا طعنہ دینے والوں نے اب سارا بجٹ تخت ڈی جی خان پر ہی لگادیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے رانا مشہور احمد خاں نے کہاکہ قواعد میں کہیں نہیں لکھا کہ رکن موبائل استعمال نہیں کرسکتا ،احتجاج ہمارا حق ہے ، سابق سپیکر رانا محمد اقبال نے کراچی واقعہ کی مذمت کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا ذکر کیا تو مسلم لیگ ن کے تمام ارکان اسمبلی اپنی نشستوں پر فلیکسز اور بینرز لٹکا کر کھڑے ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔اس موقع پر اپوزیشن نے حکومت کے خلاف گو نیازی گو، آٹا چور ، دوائیاں چور پٹرول چور کے نعرے لگائے ۔اپوزیشن کی جانب سے اپنے مظاہرے کی ویڈیو بھی بنائی جا رہی تھی۔ جس پر وزیر قانون راجہ بشارت نے ڈپٹی سپیکر سے مطالبہ کیا ایوان میں ویڈیو بنانے اور فلیکسز اور بینر ایوان میں لانے پر کارروائی کریں۔ ڈپٹی سپیکر نے معاملہ انکوائری کمیٹی کے سپرد کردیا۔ میاں جلیل شرقپوری نے کہاکہ ایک ادارہ قائم کیا جائے جو شان صحابہؒ اور اہل بیت میں گستاخی کرنے والے کو سخت سزا دے ،یہ ادارہ ختم نبوتﷺ کے معاملہ کو چھیڑ نے والے کو سخت سزا دے ،سب سے پہلے نامو س رسالت ﷺ ہے باقی معاملات بعد میں ہیں ۔اجلاس سے دیگر ارکان میاں نصیر ،سعدیہ تیمور،نول پرویز لیاقت،حنا پرویز بٹ ،عنیز ہ فاطمہ،بدہ راجہ ، سبین گل نے بھی خطاب کیا، پینل آف چیئر مین نے اجلاس آج دوپہر دوبجے تک ملتوی کردیا۔