فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) پنجاب بھر کے سابق بلدیاتی سربراہوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے ۔ تین سالہ بلدیاتی دور کے دوران فنڈز کے اجراء اور استعمال کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے بلدیاتی اداروں کے چیف آفیسرز کو مراسلہ جاری کردیا ہے اور ان سے مکمل تفصیلات مانگ لی ہیں۔ اس حوالے سے چیف آفیسرز کو ایک سوالنامہ بھیجا گیا ہے ۔ جس میں پوچھا گیا ہے کہ بلدیاتی ادارے کو تین سال میں حکومت کی طرف سے کتنے فنڈز فراہم کئے گئے ۔ مقامی طور پر کتنا ریونیو حاصل ہوا۔ ترقیاتی کاموں کی تفصیلات اور اخراجات کیا ہیں۔ میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں میں کن کاموں کو ترجیح دی گئی اور ان کے ٹھیکے کن کو دیئے گئے ۔ اس حوالے سے سوالنامہ میں مکمل تفصیلات پوچھی گئی ہیں۔