لاہور ،ملتان(وقائع نگار،خصوصی رپورٹر،این این آئی،92نیوزرپورٹ) پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے پہلے تمام سرکاری محکموں میں خالی اسامیوں پر بھرتیاں کر نے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور اس حوالے سے منصوبہ بندی بھی فائنل کرلی گئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کاخصوصی اجلاس ہوا جس میں صداقت عباسی، راجہ بشارت ، حسان خاور اور دیگر نے شرکت کی، اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بات چیت اور تجاویز پر غور کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ہرماہ کے پہلے ہفتے ایوان وزیر اعلی میں پنجاب کی ایڈوائزری کو نسل کا اجلاس ہوگا، بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی رپورٹ ہر ماہ وزیر اعظم بھجوائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سے پہلے تمام سرکاری محکموں میں خالی آسامیاں پر کر نے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور ضلعی حکومتوں میں ڈیلی ویجز پر بھی بھر تیوں کیلئے اراکین اسمبلی کیلئے کوٹہ ہوگا۔ جب کہ اجلاس میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے یقین دہانی کرائی کہ ترقیاتی فنڈذ کو 100 فیصد یقینی بنانا میری ذمہ داری ہے ، جسے ذمہ داری کے ساتھ پورا کروں گا۔ وزیراعلی نے بلدیاتی اداروں کے ایڈ منسٹرز کو اراکین اسمبلی کے ساتھ مل کر فنڈز استعمال کر نے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سیالکوٹ میں بزرگ خاتون پر تشدد کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اورملزموں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کا حکم دیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ گزشتہ شام اسلام آباد سے ملتان جاپہنچے ۔ وزیر اعلیٰ آج ملتان میں ضلعی انتظامیہ اور پارٹی کی جنوبی پنجاب کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔