لاہور(وقائع نگار) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں اور حسان نیازی ضرو ر قانون کے شکنجے میں آئیں گے ، حسان نیازی خود واضح کر چکے ہیں کہ ان کا تحریک انصاف سے کوئی لینا دینا نہیں ، ہسپتالوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بل اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورایک سے ڈیڑھ ماہ میں اسے منظور کرا کے اس پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا،جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے لئے وفاق، صوبے اور سینیٹ میں مطلوبہ اکثریت نہیں ہے لیکن حکومت کے انقلابی اقدامات سے جنوبی پنجاب میں اب کوئی تخت لاہورکا طعنہ نہیں دیتا ، جب نواز شریف کی عدالت میں رپورٹ جمع ہونا ہوتی ہے تو ان کی صحت کی صورتحال یکدم مختلف ہو جاتی ہے اور پھر اس کے بعد کے ایف سی میں برگر اور موج میلہ ہورہاہوتاہے ۔ ڈی جی پی آرمیں ہنرمند نوجوان پروگرام کی تفصیلات اور پی آئی سی واقعہ کی پیشرفت سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت میں اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں۔ ریاست کے لیے ہر کمیونٹی، شعبہ، ادارہ یا فرد برابر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی کارکردگی اپوزیشن سے ہضم نہیں ہو رہی۔ نواز شریف نے مرکز میں قوانین کی خلاف ورزی اور اقربا پروری کی انتہا کرتے ہوئے بیگم صفدر اعوان کو 100 ارب کے فنڈ پر بٹھا دیا۔ پہلے دعویٰ کیا گیا کہ وہ پی ایچ ڈی ہیں اور متعلقہ شعبے میں کام کا تجربہ رکھتی ہیں، بعد میں ایم فل اور عدالتی کارروائی کے دوران وہ ایم اے نکلیں وہ بھی شاید پنجابی میں۔