لاہور/پاکپتن(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے اکثر علاقوں پر دھند چھا گئی جس سے ٹریفک شدید متاثر ہوئی،لاہور کے متعدد علاقوں ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ، موہلنوال اور گردونواح میں شدید دھند ، ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ دیگر شہروں پھولنگر، جمبر، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال ،پاکپتن اورگردونواح میں بھی دھند کے سبب معمولات زندگی متاثر، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا، قومی شاہراہ پر حد نگاہ 30 میٹر رہ گئی۔رینالہ خورد، عارف والا، کلور کوٹ، لیاقت پور، داؤد خیل ، گوجرہ، جھنگ، چونیاں ،بھکر، دریاخان، شورکوٹ میں دھند کی چادر تنی رہی ، فیصل آباد شورکوٹ ایم فورموٹروے بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث لاہور سے حافظ آباد تک موٹروے ایم ٹو بند کر دیا گیا۔ ڈرائیورحضرات دھند میں فوگ لائٹس کااستعمال کریں، شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پولیس روڈ یوزر معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔ادھر شدید دھند کی وجہ سے پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ، کئی پروازیں منسوخ اورمتعدد گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو گئیں ، پی آئی اے ترجمان کے مطابق شدید دھند کے باعث لاہور سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 386 اور کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 306 منسوخ کرنا پڑی،لاہورسے اسلام آباد پرواز پی کے 652 دو گھنٹے ،کراچی سے لاہور اورواپسی کی دوطرفہ پروازیں پی کے 302 پانچ گھنٹے ، 303 چار گھنٹے کی تاخیر کا شکار رہیں ۔کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 368 اڑھائی گھنٹے ، کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 304 ڈیڑھ گھنٹہ ،کراچی سے ملتان کی پرواز پی کے 332 اور ملتان سے ریاض کی پرواز بھی30، 30 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی ۔ کراچی سے سیالکوٹ کی پرواز پی کے 396 ایک گھنٹہ ،سیالکوٹ سے کویت کی پرواز پی کے 239 کی روانگی میں 30 منٹ ،فیصل آباد میں متوقع دھند کی وجہ سے پی کے 340 مقررہ وقت سے تاخیر سے روانہ ہوئی ۔ ترجمان کے مطابق بیرون ملک سے آنے والی پی آئی اے کی پروازیں حد نگاہ کم ہونے کے باعث متبادل ائیر پورٹس پر اتاری جائیں گی ۔دریں اثنائمحکمہ موسمیات نے آج پیر کے روز پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں رات اورصبح کے اوقات میں شدیددھند ، پنجاب اورخیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں کْہرپڑنے ، لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔