لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،92نیوز رپورٹ، صباح نیوز )پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن کی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے آج سے اشیائے ضروریہ کی تمام دکانیں( کریانہ ، گروسری او رجنرل سٹور وغیرہ ) صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ،صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق میڈیکل سٹورز اور فارمیسی کو اسثتنیٰ ہوگا۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہانئے اوقات کار کا فیصلہ عوام کی صحت او رزندگی کے تحفظ کے لئے کیا،عوام کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرتے رہیں گے ۔کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہاکورونا وائرس کی مہم کے دوران دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے والے تمام شہریوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا،پنجاب انصاف امداد پروگرام آج سے شروع ہوگاجس کے تحت 25لاکھ خاندانوں کو فی کس 4ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی جس کے لئے 10 ارب روپے مختص کئے جا چکے ہیں، امیدواران آن لائن/ایس ایم ایس کے ذریعے اپلائی کریں گے ، تصدیق کے بعد 4ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے ، صوبہ بھر کی مساجد اورمدارس میں جراثیم کش سپرے کیاجائے گا،سیمنٹ فیکٹریوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے عائدپابندیوں سے مستثنیٰ کر دیا۔کورونا کی صورتحال کنٹرول میں ہے ، حالات انشاء اﷲ بہتری کی طرف جائیں گے ،عوام اپنی اور دوسروں کی صحت کے تحفظ کے لئے بلاضرورت گھر سے باہر آنے سے گریز کریں اور اپنے آپ کو ہر صورت میں محدود رکھیں۔ پنجاب میں 100بیڈز پر مشتمل ایکسپو سنٹر فیلڈ ہسپتال کل سے فنکشنل ہوجائے گا، ویکسین کی تیاری کے لئے طبی ماہرین اور محققین کو تمام وسائل مہیا کریں گے ،ہوم قرنطینہ کے ایس او پیز چین سے آنے والے ڈاکٹروں سے مشاورت کے بعد جاری کئے جائیں گے ،صوبہ بھر کے ہسپتالو ں اور قرنطینہ سنٹر وغیرہ میں پرسنل پروٹیکشن ایکویپمنٹ کی فراہمی کے لئے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ کمیٹی قائم کی جا رہی جوایس او پی کے مطابق پرسنل پروٹیکشن ایکویپمنٹ کی فراہمی کا فیصلہ کریں گی۔ پنجاب میں تقریباً 1200 ٹیسٹ روزانہ کئے جا رہے ہیں،ہر ڈ ویژن میں بی ایس ایل تھری لیول لیب فنکشنل ہونے کے بعد ہم روزانہ 5سے 7ہزار کورونا ٹیسٹ کی استعداد حاصل کرسکیں گے ، کوروناکے خلاف برسر پیکار ڈاکٹر ز، ہیلتھ پروفیشنلز ،صحافی اور دیگر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے افسران میرے لئے قابل قدر ہیں ، ذخیرہ ا ندوزوں سے نمٹنے کے لئے موثرمہم جاری ہے ،اشیائے ضروریہ کی فراہمی کسی صورت متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، نا گہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی پلان بھی تیار کر لیا ، انشاء اﷲ پاکستان سب سے پہلے مدافعت پیدا کرنے والی ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے بتایاپولیس میں فوری طور پر 10 ہزار سے زائد بھرتیاں کی جائیں گی، پولیس کے انویسٹی گیشن اور آپریشنل امور کیلئے 25 کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے ، پولیس کے لئے 500 سنگل کیبن پک اپ گاڑیاں خریدی جائیں گی، اگلے بجٹ میں مزید 182 گاڑیاں خریدنے کے لئے 75 کروڑ 57 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے ، 45تھانوں کی زیر تعمیر عمارتیں مکمل کر کے فعال کی جائیں گی، 101تھانوں کو سرکاری اراضی منتقل کرکے نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ سے سو کورونا وائرس پر ریسرچ کے لئے قائم ایکسپرٹ فورم کے کنونیر پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اوردیگر ماہرین نے ملاقات کی اوربتایاکہ پنجاب میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ کی مقامی سطح پر تیاری شروع کر دی ،ری یوز ایبل مٹیریل سے پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ بنایا اورمقامی طور پر این 95 معیار کا ماسک بھی تیار کیا جارہاہے ،ڈریپ نے کورونا وائرس کے بارے میں پنجاب کی سٹڈی منظور کر لی،ٹیسٹنگ کٹ بھی مقامی سطح پر تیار کی جائے گی، وائرس کے لئے اینٹی باڈی ٹیسٹ کٹ کا آزمائشی استعمال جاری ہے ، مریضوں کے لئے لاہور میں دو خصوصی ٹرائیج سنٹر قائم کئے جائیں گے ۔ عثمان بزدارنے سول سیکرٹریٹ میں کورونا کرائسسز مینجمنٹ سیل کا دورہ کیا ،ان کوبریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ سیل میں عالمی ، قومی ، صوبائی او راضلاع کی سطح پر صورتحال کاجائزہ لیا اورمختلف شہروں میں آٹے او ردیگر اشیاء صرف کی سپلائی اور رسد کو بھی مانیٹر کیا جا رہاہے ۔