لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 25 واں اجلاس 90شاہراہ قائد اعظم پر ہوا، اجلاس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی جبکہ آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور پرائیویٹ وہیکلز کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پنجاب کابینہ نے پراونشل موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی منظوری دے دی، اس ترمیم کے تحت ایپ بیسڈ رائیڈ ہیلنگ کمپنیز اینڈ پرائیویٹ وہیکلز کو ریگولیٹ کیا جاسکے گا،اجلاس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کاکرایہ مقرر کرنے کا معاملہ پنجاب اسمبلی میں بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا، پنجاب اسمبلی میں لاہور اورنج لائن میٹر وٹرین کا کرایہ مقرر کرنے کے حوالے سے بحث کرائی جائے گی،صوبے کے عوام کی نمائندہ اسمبلی لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ مقرر کرنے کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی،اجلاس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ پر دیگر ٹرانسپورٹ کے پرمٹ منسوخ کرنے کی تجویز مسترد کر دی گئی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں شادی تقریبات میں ون ڈش اور وقت کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ ون ڈش اور وقت کی پابندی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کے معاملے کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن ایکٹ 2014 کی شق نمبر 4 میں ترمیم کا فیصلہ کیاگیا،کابینہ نے ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی، پنجاب کے 6 اضلاع میں جی آئی ایس بیسڈ سروے اینڈ کمپیوٹرائزیشن آف اربن غیر منقولہ پراپرٹی ٹیکس پراجیکٹ کے مالی سال 2015-16، 2016-17 اور 2017-18 کیلئے آپریشنل اخراجات کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے سروس لیول ایگریمنٹ کی سمری کی ایکس پوسٹ فیکٹو، لاہور اور چین کے صوبہ جیانگ زو کے شہر ڑوز ہاؤ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ،فیصل آباد اور چنگ ڈاؤ، راولپنڈی اور ووہان ، بہاولپور اور نان جنگ، ٹیکسلا اور ڈاٹانگ، ملتان اور ژیان کو جڑواں شہر قرار دینے کیلئے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط ، فیملی پلاننگ سروسز کی فراہمی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فرنچائزنگ آف کلینیکل سروسز فیز ٹو کیلئے پرائیویٹ سروس پرووائیڈر اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدے کے مسودے ، پنجاب سپیشل پریمسز ، پریزرویشن، آرڈیننس 1985 کے سیکشن 3(1) کے تحت کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی،ملتان میں ٹائمز انسٹی ٹیوٹ کے قیام اور پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل کے چیئرمین کے تقرر کیلئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی گئی، پنجاب شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ترمیمی بل 2019 اور پنجاب انڈسٹریل ریلیشنز ترمیمی ایکٹ 2019 کے ڈرافٹ بل، دی فیکٹریز ترمیمی ایکٹ 2019 کے ڈرافٹ بل کی منظوری موخر،کابینہ نے ڈرافٹ بل کو دوبارہ مرتب کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی، لاہور کی یونین کونسل 117، 118 اور 120 میں سیوریج سسٹم کیلئے لفٹ سٹیشن کی تعمیرکی سکیم کیلئے فالتو اراضی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دی گئی، قائداعظم لائبریری لاہور (اپوائنمنٹ اینڈ کنڈیشنز آف سروس) ریگولیشنز 1984 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 23 ویں اور 24 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔علاوہ ازیں انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز 90شاہراہ قائد اعظم پر خصوصی تقریب ہوئی، وزیراعلیٰ نے بچوں کو قطرے پلائے ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ قوم مل کر اس موذی مرض سے چھٹکارا حاصل کرے گی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کا قرض واپس کرنے کے لیے اربوں روپے سالانہ دینے پڑیں گے اور اگر 60روپے کا ٹکٹ بھی رکھیں تو صرف ٹرین کو چلانے (O&M) کے لیے 10 ارب سالانہ سبسڈی دینا پڑے گی۔کیا ہم اس رقم سے ہسپتال و سکول چلائیں یا یہ سبسڈی دیں؟ کابینہ نے فیصلہ اسمبلی بھیجا ہے تاکہ عوامی نمائندوں کافیصلہ آئے ۔