اسلام آباد(خبر نگار خصوصی ) وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں اتحادی جماعتوں نے اگست 2023 تک حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم کو تمام اقدامات پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی ۔ منگل کی شام وزیراعظم کے زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ایم کیو ایم کے کنونینر خالد مقبول صدیقی سمیت اتحادی جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے ۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر مشاورت کی گئی جبکہ تمام اتحادی جماعتوں نے اگست 2023 تک ساتھ دینے اور حکومت میں رہنے کا فیصلہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم کے تمام فیصلوں کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری قانونی رائے لی جائے گی، آئندہ الیکشن کے حوالے سے انتخابی اصلاحات کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا جبکہ عدالتی فیصلے کے بعد پنجاب میں پیدا ہونے والے ممکنہ سیاسی و آئینی بحران سے نمٹا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئینی مدت پوری کرنے کا فیصلہ تباہ حال معیشت کی بحالی کیلئے کیا گیا۔اتحادیوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ معیشت کے استحکام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،روپے کی قدر میں استحکام کیلئے معاشی ٹیم فوری اقدامات کرے ، معیشت کی بہتری کیلئے آئی ایم ایف پروگرام کو فوری حتمی شکل دی جائے ۔92 نیوز رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اوراتحادیوں نے معیشت کی بحالی کیلئے فوری اقداما ت کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔