لاہور(اشرف مجید)ٍمحکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے آج سے پنجاب بھر میں فٹنس سرٹیفکیٹ میں 6ماہ کی توسیع بند کرنے کا اعلان کر دیا۔یکم دسمبر سے ٹرانسپورٹر غیر ملکی کمپنی اوپس کے وہیکل انسپکشن سنٹرز سے کمرشل و پبلک وہیکل کی فٹنس کروانے کے پابند ہونگے ،تمام اضلاع کے سیکرٹری ڈی آر ٹی ایز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق کورونا کے باعث غیر ملکی کمپنی اوپس کے گزشتہ 8ماہ سے وہیکل انسپکشن سنٹرز بند ہیں جس پر محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے تمام اضلاع کے سیکرٹری آر ٹی ایز کو اختیارات دیئے تھے کہ جب تک غیر ملکی کمپنی پنجاب بھر میں اپنے سنٹرز نہیں کھولتی ، اس وقت تک ڈی آر ٹی ایز پبلک وہیکل کو 6ماہ کی توسیع کا سرٹیفکیٹ جاری کرے جس میں گاڑیوں کی انسپکشن بھی نہیں کی جا رہی تھی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے تمام سیکرٹری ڈی آر ٹی ایز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے کہ وہ آج سے ٹرانسپورٹروں سے پبلک ٹرانسپورٹ کی6ماہ کی توسیع کی درخواست وصول نہیں کریں گے اور 30نومبر تک پہلے سے موجود درخواستوں کو نبٹائیں گے اور یکم دسمبر سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ دوبارہ غیر ملکی کمپنی کے پنجاب کے 26اضلاع میں موجود فٹنس سنٹرز سے انسپکشن کے بعد فٹنس سرٹیفکیٹ لینے کے پابند ہونگے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے غیر ملکی کمپنی اوپس کے جنر ل مینجر قاسم امام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تمام اضلاع میں موجود سنٹرز کو فعال کر کے رپورٹ دیں۔ذرائع کے مطابق اس وقت تک پنجاب بھر میں 50فیصد پبلک ٹرانسپورٹ نے بغیر انسپکشن فٹنس سرٹیفکیٹ میں 6ماہ کی توسیع کا فائدہ حاصل کیا ہے ، اس مد میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی مد میں کروڑوں روپے ریونیو اضافی اکٹھا ہوا کیونکہ اس سے قبل اسکی فیس غیر ملکی کمپنی کو جاتی تھی ۔