اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر ، وقائع نگار خصوصی ) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں گشت پر مامور سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی، 3 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کاہان کے علاقے گچک وادی میں سکیورٹی فورسز کی معمول کی پٹرولنگ پارٹی پر حملہ کیا گیا، زخمی ہونے والے فوجیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا، 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، زخمیوں میں ایک افسر بھی شامل ہے ۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حکومت، سیکورٹی اداروں، عوام اور پارلیمان کا عزم غیر متزلز ل ہے اور دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے پنجگور میں دہشت گردی میں جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے ان بہادرسپوتوں پر ہمیں فخر ہے ، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، چیئرمین سینٹ نے شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے ۔ ڈپٹی چیرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے بھی بلوچستان، پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی مذمت کی ہے ۔