اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہماری حکومت نے ایک سال میں ای او بی آئی کے بوڑھے پنشنرزکوملنے والی رقم میں 62 فیصد اضافہ کردیا۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی کے بوڑھے پنشنرز میں 5250 سے بڑھا کر 8500 روپے کردی ہے جس سے پنشنرز کو ریٹائرمنٹ کے بعد کے ایام میں مالی تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی ،اس سرمائے کا کثیر حصہ خود ادارے کی اصلاح سے حاصل ہورہا ہے ،ریاست مدینہ کی جانب یہ ایک اور اہم قدم ہے ۔ادھراسلام آباد میں ای او بی آئی کے زیر اہتمام کارپوریٹ اینڈ کمرشل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے بتایا کہ ای او بی آئی پنشن 6500 سے بڑھا کر 8ہزار 500 کر دی ہے ، اب نئے سال سے عوام کو کم از کم پنشن 8 ہزار 500 ملے گی جب کہ ای او بی آئی پنشن کو 15 ہزار تک لے کر جا ئینگے اور ای او بی آئی کے جاری منصوبے آئندہ سال کے اوائل میں مکمل ہو جا ئینگے ۔