لاہور(سپیشل رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کی ہدایت پر پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین کی زیرنگرانی محرم الحرام کے پیش نظر تمام ڈویژن کے رضاکاروں(ویلنٹیئرز) کے لیے سیکیورٹی ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا۔ سپیشل برانچ اور ایلیٹ فورس کے افسران نے رضاکاروں کو سیکیورٹی چیکنگ کے حوالے سے ٹریننگ دی۔ تربیت حاصل کرنے والے ویلنٹیئرز محرم الحرام کے موقع پر مختلف امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں پر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔ دوران ٹریننگ شرکاء کو سرچنگ کے مختلف آلات میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ کے استعمال کے متعلق ٹریننگ دی گئی۔ رضاکاروں کو باڈی سرچ کے طریقہ کار کے متعلق بھی ٹریننگ دی گئی۔