اسلام آباد(آن لائن )وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں مارگلہ کی پہاڑیوں پرجانے کے بعد راستہ بھولنے والے دو سفارتکاروں کو پولیس نے تلاش کرلیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گزشتہ روز ہنگری کے سفارتخانہ کے سیکنڈ سیکرٹری اور خاتون اتاشی صبح 7 بجے ٹریل سکس پر گئے تھے جو واپسی کا راستہ بھول گئے ۔ہنگری سفارتخانہ نے رات 9 بجے ٹریل پر جانے والے سفارتکاروں کے واپس نہ آنے بارے پولیس کو مطلع کیا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر سفارتکاروں کی تلاش شروع کی اور کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد دونوں سفارتکاروں کو بحفاظت تلاش کر لیا ۔آئی جی محمد عامر ذوالفقار خان نے ڈی آئی جی آپریشنز کی بروقت مدد کو سراہتے ہوئے پولیس کی پوری ٹیم کو شاباش دی ہے ۔