اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب کیلئے پارٹی کی صوبے کی سطح پر علیحدہ تنظیم قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیاڈیپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ روزچیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پارٹی کے چیف آرگنائزرسیف اﷲ خان نیازی نے خصوصی ملاقات کی اور تحریک انصاف کی تنظیمِ نو کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیاڈیپارٹمنٹ کے مطابق سیف اﷲ خان نیازی نے ملک بھر میں تنظیم سازی کے حوالے سے کئے جانے والے ہوم ورک پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔چیئرمین پی ٹی آ ئی عمران خان نے پارٹی چیف آرگنائزر سیف اﷲ نیازی کو محنتی اور وفادار کارکنان کو پارٹی کی ذمہ داریاں سونپنے کی خصوصی ہدایت کی۔اس حوالے سے سیف اﷲ خان نیازی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے عوام کے سیاسی و انتظامی حقوق کیلئے خصوصی طور پر متحرک ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے صوبے کی سطح کی تنظیم قائم کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان سے ہدایات لی ہیں،پارٹی قائد کی ہدایات کی روشنی میں جنوبی پنجاب کیلئے صوبے کی سطح کی تنظیم سازی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی یہ تنظیم جنوبی پنجاب کے عوام کی بہبود کا ایجنڈا آگے بڑھائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں میں تنظیم سازی کا عمل بھی جلد مکمل کرلیں گے ۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اورسیف اﷲ خان نیازی کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔