لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار اوراینکرپرسن ڈاکٹردانش نے اپنے پروگرا م’’ جواب چاہئے ‘‘ میں انکشاف کیاکہ آڈیٹرجنرل کی رپورٹ کے مطابق72 گھپلوں میں پی ایس ایل ون ا ورٹو میں 19ارب کی کرپشن ہوئی ہے ۔اس کا آڈٹ2017اور 2018 میں ہواتھا ۔انہوں نے بتایا ہم نے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے ایک میٹنگ میں اس سارے معاملے کو ڈسکس کیا جو اب پی اے سی میں جائے گا جس میں اس کو دوبارہ دیکھاجائے گا۔ پی سی بی کی وضاحت کو آڈیٹرجنرل نے ماننے سے انکار کردیا ہے ۔ احسان مانی کو خط لکھا، فون کیا ، واٹس ایپ کیا کہ آپ ہمارے پروگرا م میں آکراس حوالے سے جواب دیں لیکن وہ نہیں آئے ۔ قائمہ کمیٹی میں سوال اٹھایا گیاکہ پی سی بی میں جو لوگ ہیں ان کی تنخواہ کیا ہے تو بتایا گیا کہ یہ سیکرٹ ہے ، یہ جواب وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے دیا اورکہاکہ اس کو سامنے نہ لایاجائے ، کہیں یہ میڈیا کے ہاتھ نہ لگ جائے ۔ انہوں نے انکشاف کیا ماضی میں جب وقار یونس کوچ تھے تواس وقت سوال کیا گیا کہ آپ سرفراز کو اوپن پرکیوں نہیں لارہے ،اس وقت کپتان مصباح الحق تھے اسلئے انہیں ہٹایاگیا ۔اس کی وجہ شاید یہ تھی مصباح کا پورانام مصباح الحق خان نیازی ہے ، لگتاہے ان کی تقرری کا یہ پیمانہ ہے ۔سابق کوچ جاوید میانداد نے کہا پی ایس ایل کی آڑ میں گھپلا کرنے والے لوگ پا کستانی کہلانے کے حقدار نہیں ۔چیئرمین نیب سے درخواست کرتاہوں اس معاملے کی فوری انکوائری کرائی جائے اورذمہ داروں کو پکڑا جائے ۔ مصباح الحق کا کوئی تجربہ نہیں، احسان مانی کو پرانا جانتاہوں یہ تو ٹکٹیں دیتے تھے ۔ سرفراز کیساتھ زیادتی ہوئی ہے ۔ عمران بھول جائیں کراچی دوبارہ انہیں ووٹ دیگا۔ سابق کوچ محسن حسن خان نے کہا جسطرح پاکستان میں دوسرے شعبوں میں کرپشن کی گئی اسی طرح کرکٹ میں بھی ہوئی ۔ذمہ داروں کو جیل میں ڈالناچاہئے ۔ مجھے تین بار کرکٹ بورڈمیں کام کرنے کی پیشکش کی گئی لیکن میں نے انکار کردیا کہ میں کرپشن کے ماحول میں کام نہیں کرونگا۔ میرا سوال ہے کس بنیاد پر وقاریونس کو لگایا گیا، اسے چار بار ہٹایا گیا جبکہ مصباح الحق کو جس نے کوچنگ نہیں کی ہیڈ کوچ بنادیا گیا ،یہ صرف اقربا پروری ہے ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا اگرکسی نے کرپشن کی ہے تو اس کوسزا ملنی چاہئے ۔ مجھے بتایا جائے مصباح الحق کے علاوہ پاکستان میں کوئی کرکٹر نہیں ، ان میں ایسا کیا ہے ۔ پہلے سرفراز کے بارے میں کہا جارہاتھاکہ وہ بہترین کپتان ہے لیکن سری لنکا سے ہارنے کے بعد اسے فائرکردیاگیا۔ مصباح الحق 32 لاکھ روپے پی سی بی اور8 لاکھ روپے ماہانہ سوئی گیس سے بھی لے رہاہے ، ان کی تو عید ہوگئی ہے ۔