لاہور،گوجرانوالہ ،سندر ،اسلام آباد ( رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92 نیوزرپور ٹ، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم )کا پہلاجلسہ کل گوجرانوالہ میں ہوگا جس کوروکنے کیلئے پولیس نے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی اور رہنمائوں کیخلاف مقدمات بھی درج کئے جارہے ہیں ،جاتی عمر ہ کو مکمل سیل کرنے کافیصلہ کرلیاگیا جس کیلئے کنٹینرز رائیونڈ پہنچ گئے ۔پی ڈی ایم کا کل گوجرانوالہ میں پہلا جلسہ ہوگا جس سے مرکزی قائدین خطاب کرینگے ۔۔جلسہ کے حوالے سے لاہور پولیس بھی سرگرم ہوگئی۔ ریلی کی صورت میں جاتی عمر ہ سے کسی کو نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ دوسر ی جانب مسلم لیگی رہنما شہزاد نذیر ، چوہدری الیاس خاں و دیگر رہنماؤں نے جاتی عمرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کار کن تمام رکاوٹیں توڑ کر گوجرانوالہ پہنچیں گے ۔ پی ڈی ایم کی جماعتوں کا اجلاس مرکز اہلحدیث بتی چوک لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن، جے یو آئی، اے این پی، مرکزی جمعیت اہلحدیث، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے نمائندگان مہر اشتیاق احمد، مفتی عبدالحفیظ، علامہ ریاض الرحمن یزدانی، حافظ غضنفر عزیز، ولی شاہ و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی۔لاہور میں را ت گئے تک پولیس نے مسلم لیگ ن کے ورکرز کے گھروں میں چھاپے مار کر متعدد کو حرا ست میں لے لیا ۔لاہور کے تما م ڈویژنل ایس پیز نے ایس ایچ اوز کے ساتھ میٹنگ کی اور زیادہ سے زیادہ کارکن گرفتار کر نے کاحکم دیا۔ کینٹ،ماڈل ٹاؤن ،سول لائن،اقبال ٹاون،سٹی اور صدر ڈویژن میں کارکنوں کے گھر وں پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ ایم پی ایز اور ایم این اے کے گھروں کے دروازوں پر دستک دے کر ڈرانے کا ٹاسک بھی دیا گیا۔ یونین کونسل 150 دوگیج میں گھر پر چھاپہ ما ر کر پولیس نے 2 سابقہ کونسلز اعجاز اور کاشف بالی کو گرفتار کرلیا ۔ شاہدرہ ،فیروزوالہ، ونڈالہ دیال شاہ میں سرگرم کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ۔شادباغ پولیس نے مسلم لیگ ن کے 3 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔پنڈی بھٹیاں میں مسلم لیگ (ن) کی کارنر میٹنگ پر تھانہ سٹی پنڈی بھٹیاں نے کئی افراد کے خلاف سیکشن 270/188کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔کامو نکی میں ایم پی اے چودھری اختر علی خاں کی رہائشگاہ پر کورونا اایس اوپیز کی خلاف ورزی کے الزام پر 37 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے متعدد کو گرفتار کرلیا ۔راہوالی تھانہ کینٹ پولیس نے بغیر اجازت ورکرز کنونشن کرانے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے 26 نامزد اور 75نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔7افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔نوشہرہ ورکاں میں حاجی مدثر قیوم ناہرا ،مظہر قیوم ناہر ا،عرفان بشیر گجر ٰایم پی اے ،عبدالرحمن گجر نامزدسمیت 162نامعلوم کارکنوں کے خلاف مقدمہ ورج کرلیا گیا۔گوجرانوالہ شہر کے داخلی اور خارجہ راستوں کو بند کرنے کیلئے کنٹینرز منگوا لیے گئے ۔ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ میں کارکنوں کیخلاف مختلف تھانوں میں 7 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔دوسری جانب گوجرانوالہ کے جناح سٹیڈیم میں جلسہ کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن کے وکلا نے ڈی سی دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے ۔ذرائع کے مطابق کامونکی میں سٹی پولیس نے لیگی رہنما شہباز سرویا سمیت سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔لدھیوالہ پولیس نے مسلم لیگ ن صدر رانا بلاول خاں کے والد اور احسان الہی اور ریاض مسیح کو گرفتار کر لیا۔ حافظ آباد میں پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ میں انتظامیہ نے کرسیاں اٹھوا کرساؤنڈ سسٹم کو قبضہ میں لے لیا۔ غریب مزدوروں کے بیسیوں موٹر سائیکل رکشوں کو بند کردیا۔ مختلف تھانوں میں پولیس نے 90سے زائد ن لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرلئے جبکہ 5راہنماؤں کے خلاف انکے پیٹرول پمپوں پر ناقص سیکورٹی انتظامات کے الزام میں الگ الگ مقدمات درج کرلئے گئے ۔ جن مقامی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ان میں ن لیگ سٹی صدر خالد بٹ، رائے جہانگیر علی، محمود صادق دھوتھڑ وغیرہ شامل ہیں۔ادھر مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنمائوں نے جلسے کی تیاریوں کے سلسلہ میں گوجرانوالہ میں ڈیرے ڈال لئے ۔قیادت کی ہدایت پر سینئر نائب صدر وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، رانا ثنااللہ اورمریم اورنگزیب جلسے تک وہیں موجود رہیں گے ۔ مرکزی رہنما احسن اقبال نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسوں کے اعلان کے بعدحکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔عوام حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 3اکتوبرکوجناح سٹیڈیم میں جلسے کی درخواست دی گئی تھی۔ آج فیصلہ کیا جلسہ جی ٹی روڈگوجرانوالہ میں ہوگا۔ شہزاد اکبرکوکہتاہوں اپناٹکٹ بک کرالو۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کوروناایس اوپیزپرآج تک کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے جتنا چاہیں پولیس گردی کریں کل جلسہ تو ہوگا ۔ نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت ایک نہتی لڑکی سے خوفزدہ ہے ۔ لاہور میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کو نہیں کہا کہ بغاوت کے مقدمے واپس لیں۔ یہ مقدمے تو ہمارے لیے تمغے ہیں۔سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے گفتگو میں کہا ہے کہ کیا پارلیمنٹ کو جعل سازی اور دھوکے سے چلایا جاتاہے ۔حکومت پاکستان کو غیر یقینی صورتحال کی طرف لے جارہی ہے ۔پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمن نے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر کورونا وائرس کے پرچے لگانے ہیں تو بشمول وزیر اعظم پوری کابینہ پر لگیں گے ۔وزیرآباد میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پیپلز پارٹی پنجاب قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تحریک عوام سے اس حکومت کو چھٹکارا دلا کر ہی دم لے گی۔اجلاس میں چوہدری منظور ،ثمینہ خالد گھرکی ،دیوان شمیم ،ثمینہ پگانوالہ ،چوہدری اعجاز احمد سماں نے بھی خطاب کیا۔ادھر پیپلز پارٹی کے خلاف گوجرانولہ،وزیرآباد،حافظ آباد اور منڈی بہاوالدین میں پولیس کا کریک ڈاون جاری ہے ۔ قمر زمان کائرہ،چودھری منظور احمد، اسلم گل ان علاقوں میں پہنچ گئے ۔پیپلز پارٹی گوجرانولہ کے صدر اعجازسماں کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی ۔منڈی بہاوالدین کے ضلعی صدر آصف بخیر بھاگھٹ کے گاؤں کو پولیس نے چاروں طرف سے گھیر لیا گیا۔ قمر زمان کائرہ نے تھانے میں جاکر متعدد کارکنوں کو رہائی دلائی ۔دریں اثنا ضلعی انتظامیہ اورلیگی قیادت میں مذاکرات کامیاب ہوگئے ، پی ڈی ایم کو جنا ح سٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی اجازت دیدی گئی ۔ ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات میں مریم اورنگزیب ، رانا ثنااللہ اوردیگر رہنما شریک ہوئے ۔ ایس او پیز کے تحت اجازت دی گئی ہے ۔ جبکہ جلسے میں اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں کی جائے گی۔پی ڈی ایم آج جناح سٹیڈیم میں جلسے کے انتظامات کریگی۔