ساہیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما ،پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی ڈیل کرتی ہے نہ ڈھیل دیتی ہے ، حکومت چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کو الجھا رہی ہے ، آصف زرداری کی ضمانت کیلئے درخواست صرف علاج کیلئے ہے وہ بیرون ملک نہیں جائیں گے ، عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ، نیب صرف دو پارٹیوں کا احتساب کررہا ہے ۔ وہ سابق ممبر قومی اسمبلی مہر غلام فرید کاٹھیا کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر چودھری منظور احمد،شہزاد سعید چیمہ، طاہر سندھو ،سید حسن مر تضیٰ ، اسلم گل ،ملک عثمان سلیم کے علاوہ دیگر رہنما بھی موجود تھے ، انہوں نے کہاکہ آصف زرداری کی درخواست ضمانت کسی ڈیل کاحصہ نہیں ،زرداری کی ضمانت ہوئی تو وہ بیرون ملک کے بجائے پاکستان میں رہ کر علاج کرائیں گے ، حکومت چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کو فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کو روکنے کے لئے الجھارہی ہے ، وزیراعظم نے پارلیمانی کمیٹی سے مشاورت کئے بغیر نام بھجوائے ہیں جو غیر آئینی ہے جس طر ح آرمی چیف کی مدت کامعاملہ الجھایا اسی طرح یہ معاملہ بھی الجھارہی ہے ، عمران خان نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے ، پیپلزپارٹی شہید بینظیر بھٹو کی برسی پر راولپنڈی میں جلسہ کرکے اپنا لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، عمران نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بے اختیار کرکے حکومتی اختیارات چیف سیکرٹری پنجاب کے سپر د کردیئے ہیں۔