لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے 92 نیوز کے پروگرام ’’نائٹ ایڈیشن‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کئے ، پی ٹی آئی نے 40 ہزار ڈونرز کی جو لسٹ جمع کرائی ہے وہ فیک ہے ، یہ 2017 میں مرتب کی گئی جو اصلی فہرست ہے وہ امریکی ویب سائٹ پر موجود ہے ، اس میں تمام غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات موجود ہیں ، 2 ایجنٹ یا افراد کی نہیں بلکہ دو کمپنیوں کی بات ہے جنہیں عمران خان نے خود اپنے دستخطوں سے نامزد کیا ، وہ خوداس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ رہے ، اس کے تمام اکائونٹس کی تفصیلات پی ٹی آئی کے اکائونٹس میں آتی تھی وہ انہوں نے چھپائے ہوئے ہیں، انہوں نے جو ڈیٹا الیکشن کمیشن میں جمع کرایا ہے وہ گمراہ کرنے کیلئے کرایا ہے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ا پوزیشن نے ابھی تک ایک بھی ڈونر کانام نہیں دیا، یہ فارن فنڈنگ نہیں ممنوعہ فنڈنگ کا کیس ہے اس کو الیکشن کمیشن نہیں سن سکتا، صرف سپریم کورٹ سن سکتی ہے ۔چیئرمین شوگرملز ایسوسی ایشن چودھری ذکااشرف نے کہا سیزن آخرپر آگیا تو تین لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی بات ہورہی ،درآمدی چینی 91 سے 92 روپے فی کلو پڑے گی، چیئرمین آل پاکستان کسان فائونڈیشن محمود الحق بخاری نے کہاکہ کسان تو پس رہا ہے اسے اس کی فصل کی قیمت اخراجات کے مطابق نہیں مل رہی ہے ۔ پنجاب شوگر ڈیلرایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر ماجد ملک نے کہاکہ اگر حکومت چینی پر سیلز ٹیکس ختم کردیتی ہے تو پھر بھی یہ 88روپے کلو پڑے گی۔ کسان موومنٹ پاکستان کے جنرل سیکرٹری چودھری حنیف گجرنے کہا اصل مسئلہ یہ ہے کہ کسان پس رہا ہے اس کو نقد کیش نہیں مل ر ہاہے ۔