اسلام آباد، کراچی، مردان (سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر، ما نیٹرنگ ڈیسک ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری، غربت تاریخی ہے تو بجٹ کیسے عوامی ہوسکتا ہے ؟، پیپلزپارٹی عمران خان کو عوام کے معاشی قتل عام کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے مردان میں پریس کانفرنس کرتے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا ،اعدادوشمارچھپانے سے مسائل حل نہیں ہوسکتے ،وفاقی حکومت مہنگائی کے حساب سے تنخواہ،پنشن میں اضافہ کرے ،آزادکشمیرکاالیکشن جیت کرحکومت بنائینگے ، سندھ میں کم سے کم اجرت 25ہزارروپے ہوگی،پی ڈی ایم اب ملک کی تحریک نہیں رہی، پی ڈی ایم کی بنیاد پیپلزپارٹی نے رکھی، اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اختلافات ہو سکتے لیکن پارلیمنٹ میں ایک پیج پرہے ، پارلیمنٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے ، اگرہم سینٹ میں بائیکاٹ کرتے توآج پی ٹی آئی کے پاس سپرمیجورٹی ہوتی، ہمارے اتحادیوں نے استعفے ، بائیکاٹ کی غلطی کوتسلیم کیا ہے ۔ میرے کارکنوں کے بیٹوں کوگرفتارکیاتومیں آپ کے بیٹوں کوگرفتارکروں گا۔ یوسف رضا گیلانی نے مالیاتی ایوارڈ کے بغیربجٹ کو غیر آئینی قراردے دیا ۔ اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم تک بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا،اپوزیشن جماعتیں غیرآئینی بجٹ کو سینٹ سے منظور نہیں ہونے دیں گی۔سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے فیصل آباد میں چودھری سعید کے ڈیرے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے لوگوں نے ن لیگ اور پی ٹی آئی کو آزما لیا،آنیوالا وقت پیپلز پارٹی کا ہے ،مہنگائی اور بیروز گاری میں پھنسے عوام کو پیپلز پارٹی تنہا نہیں چھو ڑے گی، بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، حکومت نے عوام کے مسائل بڑھا دئیے ،حکومت کا سارا نظام سیاسی انتقام پر مبنی ہے ،جھوٹ پر مبنی سیاست کے دن ختم ہو گئے ،ثابت کرینگے کہ پنجاب کے کونے کونے سے پیپلز پارٹی کا جھنڈا نکلے گا۔