اسلام آباد (وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) چینی سفیریاؤ جنگ کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان بیلٹ اینڈروڈ فورم سے خصوصی خطاب کریں گے ، دورہ چین میں دونوں ممالک میں تجارتی معاہدے پردستخط کا امکان ہے ، تین سال میں بیس ہزار پاکستانی طلبا کو سکالرشپ دی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق چینی سفیریاؤ جنگ نے اسلام آباد میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم پرپریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بیلیٹ اینڈروڈ فورم پچیس سے ستائیس اپریل تک بیجنگ میں ہوگا، وزیراعظم عمران خان ستائیس اپریل کوچینی نائب صدرسے ملاقات کریں گے ،چین دھابیجی میں دوسرا خصوصی اقتصادی زون قائم کرنا چاہتا ہے ۔ چینی سفیر کا کہنا ہے کہ چین نے پاکستان کو چھ ارب ڈالرز قرض دیا جن پر سود صفر ہے اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے والے عناصر ترقی کے دشمن ہیں جبکہ بھارت سمیت کوئی بھی ملک سی پیک میں شریک ہوسکتا ہے ۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں کاروبارکو آسان بنانے کی کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان کے نجی شعبے کوترقی دینے میں مدد کریں گے ، پاکستان سی پیک ہی نہیں ہرلحاظ سے چین کیلئے اہم ترین ملک ہے ۔ چینی حکومت وزیراعظم عمران خان کے دورے کی منتظر ہے ،دورے کے دوران باہمی تعاون بڑھانے کیلئے بات چیت کی جائے گی،پی ٹی آئی حکومت آنے کے بعد سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد رفتار کم نہیں ہوئی، تعلیم ،صحت ،زراعت ،آبپاشی اور غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان کو ایک ارب ڈالرکی امداد فراہم کرینگے ،وزیراعظم کے دورے کے دوران فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے دوسرے مرحلہ پربات ہوگی جب کہ رشکئی میں پہلا خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جا رہا ہے ۔ ژاؤ جنگ نے کہا کہ پاکستانی منڈیوں میں چین کا حصہ 65 فیصد ہے ، اگلے مرحلے میں پاک چین صنعتی تعلقات کوفروغ دیا جائے گا، فیصل آباد میں بھی اسپیشل اکنامک زون ،اسلام آباد میں ٹیکنالوجی سپیشل اکنامک زون قائم کیا جائے گا اورغربت کے خاتمے کے لئے چین 3 ماڈل ویلج قائم کرے گا،چین اب تک سی پیک منصوبوں پر19 ارب ڈالرز خرچ کرچکا ہے ۔