چمن، کوئٹہ (این این آئی،نیٹ نیوز)چمن دھماکے میں جاں بحق ہونے والے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد حنیف کوہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔مولانا محمد حنیف کی نماز جنازہ چمن میں ادا کی گئی جس میں جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیرمولانا عبدالواسع، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے صوبائی صدرسینیٹر عثمان خان کاکڑ، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر اصغر اچکزئی ، مولانا صلاح الدین، کرنل خرم جاوید، ڈپٹی کمشنر چمن بشیر خان،ڈی پی اوشوکت مہمند،پارٹی کارکنان سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بشیر خان نے کہا واقعہ کے ذمہ داران جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے ، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ رہے ، دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر چمن یاسر اقبال دشتی کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او چمن کی مدعیت میں درج کیا گیا،ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ادھرمولانا حنیف کے قتل کیخلاف جمعیت علمائے اسلام کی کال پر چمن،کوئٹہ ، حب سمیت بلوچستان کے تقریباً تمام اضلاع میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جس کے باعث دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے ۔کوئٹہ میں ٹریفک کی روانی بھی معمول سے کم رہی۔چمن دھماکے کے بعد کوئٹہ میں سکیورٹی سخت کردی گئی، مختلف شاہراہوں پر پولیس اہلکار تعینات رہے ۔